|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2016

 اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سننے سے انکار کردیا۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی کی عدالت میں جاری تھی کہ دوران سماعت جج اور وکیل صفائی کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا۔ وکیل صفائی منصور آفریدی کی جانب سے جج کو کہا گیا کہ ہمیں چالان کی کاپیاں فراہم کی جائیں جس پر جج کوثر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ چالان کی کاپیاں ایف آئی اے کو واپس کر دی گئی تھیں۔ وکیل صفائی نے کہا کہ آپ نے کس قانون کے تحت چالان پر اعتراض دور کرنے کے لئے کہا جس پر جج کوثر عباس زیدی نے کہا کہ میں آپ کو جوابدہ نہیں ہوں، میں عمران فاروق قتل کیس کی سماعت نہیں کر سکتا اور کیس چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا رہا ہوں وہ جس کو چاہیں یہ کیس نامزد کردیں۔ واضح رہے کہ 3 روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جج نے ساتویں مرتبہ کیس کے چالان پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کر دی تھی۔