|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2016

 کراچی: شہر قائد میں کل سے آئندہ 3 روز تک شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے جس کے باعث محکمہ موسمیات نے رواں برس ہیٹ ویوکا پہلا الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے  جاری کیے گئے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 20 سے 24 اپریل تک کراچی میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جب کہ سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہونے کی صورت میں ہیٹ انڈیکس اس سے بڑھ بھی سکتا ہے۔ گرمی سے بچنے کے لیے لوگ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور گھر سے نکلتے وقت اپنے سر اور چہرے کو اچھی طرح ڈھانپ لیں اس کے علاوہ پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیے جانے کے بعد سندھ حکومت اور کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام طبی اور نیم طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ جب کہ ہیٹ ویو کے متاثرہ افراد کی طبی امداد کے لیے بنائے گئے خصوصی وارڈز کو فعال کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔