کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے بلدیہ نمبر 3 میں واقع ایک فوٹو اسٹیٹ شاپ پر چھاپہ مار کر میٹرک کا انگریزی کا حل شدہ پرچہ برآمد کرلیا جبکہ دکان کے مالک اور جونیئر اسکول ٹیچر محمد اشفاق کو گرفتار کرلیا۔
رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق رینجرز نے خفیہ معلومات پر بلدیہ ٹاؤن میں واقع پیراگون کمپیوٹر اینڈ فوٹو اسٹیٹ شاپ پر چھاپہ مارا اور میٹرک کا انگریزی کا حل شدہ پرچہ برآمد کرلیا۔
ترجمان کے مطابق حل شدہ پرچے کی فوٹو اسٹیٹ کاپیاں قریب ہی واقع اینگلو اردو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بلدیہ نمبر 3 میں ڈھائی سے 3 ہزار روپے کے عوض طلبہ کو دوران امتحان فراہم کی جارہی تھیں۔
رینجرزترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران مذکورہ اسکول کے جونیئر ٹیچر اور فوٹو اسٹیٹ شاپ کے مالک محمد اشفاق کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ فوٹو اسٹیٹ شاپ سے گذشتہ پرچوں کی حل شدہ کاپیاں بھی برآمد ہوئیں۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ٹیچر کی ڈیوٹی بھی مذکورہ امتحانی مرکز پر تھی، جہاں وہ پرچے آؤٹ کروا کر غیر قانونی طریقے سے پیسہ بنارہا تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کو پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
دوسری جانب رینجرز نے ایک مرتبہ پھر عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ ان عناصر کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس، قریبی رینجرز ہیڈکوارٹرز یا ای میل help@pakistanrangerssindh.org کے ذریعے دیں۔