کوئٹہ: مستونگ کے علاقے میں نامعلو م مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق ضلعی ناظم سمیت2 افراد کو قتل کر دیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مستونگ کے علاقے کرد گاپ میں کلی سلاچہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نیشنل پارٹی کے رہنماء سابق ضلعی ناظم غلام حسن اور اس کے ساتھی منیر کو قتل کر دیا اور ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے واقع کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں کوہسپتال پہنچا دیا تاہم قتل کی وجہ معلوم نہ ہو سکی لاشیں ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئے مزید کا رروائی مستونگ انتظامیہ کر رہی ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے نیشنل پارٹی کے رہنما میرغلام حسن سرپرہ سمیت دودیگر افراد کے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ پر دلی دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرغلام حسن سرپرہ نے ناظم اور ایک سینئر سیاستدان کی حیثیت سے اپنے علاقے کے عوام اور صوبے کی بے لوث خدمت کی۔ ان کی وفات سے صوبہ ایک اچھے انسان اور منجھے ہوئے سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے۔انہوں نے مرحومین کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جواررحمت میں جگہ دے اور سوگوار خانداوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔