|

وقتِ اشاعت :   April 25 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے12اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں مہم کے دوران13لاکھ سے زائد بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم میں 3ہزار6سو 19موبائل ٹیمیں395فکسڈ سائٹ ،210ٹرانزٹ پوائنٹس پرپولیو کا عملہ فرائض انجام دیں گا ۔ پاک افغان فرینڈشپ گیٹ پر5سال کی بجائے 10سال تک کے بچوں کوپولیوکے قطرے پلائے جائیں گے ۔بلوچستان میں پولیو سے بچاؤ کیلئے قائم ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے سربراہ ڈاکٹرسیف الرحمن نے کہاہیکہ انسدادپولیومہم کے دوران 5سال سے کم کے 13لاکھ86ہزار 521کے بچوں کوپولیوکے قطرے پلانے کاہدف مقررکیاگیاہے سیکورٹی کیلئے ایف سی اورپاک آرمی کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔جبکہ جھل مگسی میں حالیہ ضمنی الیکشن کے باعث مہم کو 3مئی سے شروع کیا جائیگا ۔جھل مگسی میں 31 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بلوچستان کے ہائی رسک اضلاع کوئٹہ پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیو مہم کے انجکشن کے زریعے (آئی پی وی )دو مرحلوں میں کامیابی سے مکمل کیا گیا جو کہ 4اپریل سے 20اپریل تک جاری رہا جس میں دولاکھ چالیس ہزار کے قریب دوسال سے کم عمر کے بچوں کو انجکشن کے زریعے پولیو ویکسین دی گئی ۔صوبے کے باقی علاقوں میں مہم میں بچوں کو قطرے ہی پلائیں جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیوں مہم کے دوران صوبے میں کافی کامیابی ملی ہے سب سے بڑھ کر لوگوں میں پولیو کے بارے میں شعور اجاگر ہورہا ہے والدین اپنے بچوں کو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پلانے میں معاونت کرتے ہیں اس ضمن میں سیاسی حلقوں علماء کرام او ر انتظامیہ کا کردار نہایت ہی مثبت ہے جس کے باعث پولیو کا مہم انتہائی بہتر انداز میں کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے ۔ قلعہ عبداللہ ،قلعہ سیف اللہ ، جعفرآباد،نصیرآباد،پشین ،لورالائی ،لسبیلہ ،کوئٹہ ،شیرانی ،ڈیربگٹی ،خضدار ،اور ژوب میں پولیو مہم آج سے شروع کیا جارہا ہے جبکہ جھل مگسی میں پولیو مہم تین مئی سے شروع ہوگا ۔یونیسف کے پولیو ٹیم لیڈر ڈاکٹر جواہر حبیب نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے سلسلے میں بلوچستا ن میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور اس حوالے سے صوبے میں پولیو کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔مہم کے دوران پولیوعملے کی جانفشانی اور سماجی حلقوں علماء کرام اور سیاسی جماعتوں کا تعاون مہم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔یونیسف محکمہ صحت بلوچستا ن کے ساتھ ملکر پولیو جیسے موزی مرض کے خاتمے کیلئے کام کررہی ہے ۔اس حوالے سے ہم پرعزم ہیں کہ جلد ہی صوبے کو پولیو سے مکمل پاک کردینگے ۔ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہاہے کہ پولیو مہم کے سلسلے میں تما م اضلاع کے انتظامیہ سے رابطہ میں ہیں اور اس ضمن میں سکیورٹی کے تما م انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور بلخصوص ایف سی اور پولیس کا تعاون اور کردار نا قابل فراموش ہے ۔اس مہم میں پولیس کے جوانوں نے ہمیشہ قربانی دی ہے جنہیں ہم کبھی بھول نہیں پائیں گے ۔پولیو کے موزی مرض کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہر فرد تمام طبقات بلخصوص میڈیا کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔پولیو کے خاتمے کیلئے سب سے زیادہ عوام میں شعور کا اجاگر ہونا نہایت ہی لازمی ہے جس کیلئے میڈیا کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ہم میڈیا سماجی حلقوں علماء کرام اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیو مہم میں ہمارا ساتھ دیں۔