اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبہ بلوچستا ن کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں سے سب سے زیادہ فوائد حاصل ہوں گے، ہمارا مقصد بلوچستان کو ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانا ہے،ہماری تمام تر توانائیاں بلوچستان کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی پر مرکوزہیں ،تاکہ وہ فعال طور پر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ لے سکیں۔ان خیالات کا اظہاروزیر اعظم نواز شریف نے سینیٹر حاصل خان بزنجو سے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا،ملاقات میں قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر ایک جدید بندرگاہ اور شہر بنے گا،جس سے ساحلی شہر کے عوام کے لیے روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے اورغربت میں کمی آئے گی،انہوں نے کہا کہ ہم اپنی عوام کو با اختیار بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے فیصلے کی حما یت کرتے ہوئے سینیٹر حاصل خان بزنجو کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم کے عزم پر مکمل یقین رکھتے ہیں بلوچستان کے عوام کے لئے بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور فلاحی منصوبوں شروع کرنے کے لیے وزیر اعظم اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں،وزیر اعظم کی قیادت میں صوبے میں امن و سلامتی کی بحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے،بلوچستان میں میں امن کی فضاء لوٹ رہی ہے،انکا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی منصوبوں میں بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں انقلاب جیسی تبدیلی رہ نما ہو گی