|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2016

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آج یہاں ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ جس میں 31 مارچ2016 کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کی منظوری دی گئی ۔ ان نو ماہ کے دوران کمپنی کی نیٹ سلیز مبلغ122.711 ارب روپے ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ ٹیکس کٹوتی کے بعد کمپنی کا خالص منافع مبلغ 43.499 ارب روپے رہا ۔ جس کے نتیجے میں فی شیئر آمدنی 10.11 روپے رہی ۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 0.5 روپے فی شیئر عبوری منافع دینے کا اعلان بھی کیا ،جو5 فیصد ہے ۔مذکورہ عبوری منافعے کے حقدار ایسے شیئرز ہولڈرز ہونگے جنکے نام ممبران کے رجسٹر میں15 جون 2016 تک موجود ہونگے ۔ اسی مدت کے دوران او جی ڈی سی ایل نے 18.424 ارب روپے قومی خزانے میں ٹیکس کی مد میں ادا کیے اور کمپنی نے ایکسپلوریشن اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں نمایاں اضافہ کیا ۔ او جی ڈی سی ایل نے سیسمک اور ڈرلنگ کی سرگرمیوں میں بھی شاندار اضافہ کیا ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کی انتظامیہ کی طرف سے تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور توقع کا اظہار کیا کہ اس سے ملکی توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔