|

وقتِ اشاعت :   April 27 – 2016

راولپنڈی:  پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے شیخ رشید کے ساتھ ان کی رہائش گاہ لال حویلی پر ملاقات کی۔ ملاقات میں پاناما لیکس کی تحقیقات پر بات چیت کی گئی اور پیپلز پارٹی کے وفد نے شیخ رشید کو 2 مئی کو اپوزیشن کی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا بددیانتی اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں اور ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے ’گو نواز گو‘۔ جس ملک کے وزیراعظم کا نام اسکینڈل میں آ جائے اس ملک کو قرضہ بھی نہیں ملتا۔ اس موقع پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔ احتساب کا آغاز وزیراعظم سے ہونا چاہئے اور سرمائے کی بیرون ملک منتقلی کا سراغ لگانے کیلئے جوڈیشل کمیشن سے پہلے فارنزک آڈٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے خصوصی قانون بنایا جائے جبکہ کمیشن کے ٹی او آرز اپوزیشن کی مشاورت سے بنائے جائیں۔ وزیراعظم کیخلاف تحقیقات کے ضوابط خود وزیراعظم نے بنائے ہیں۔