اسلام آباد/بیجنگ: وفاقی وزیر ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے پر جوش ہے ،پاکستان مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی کا موقع فراہم کرتا ہے،پاکستان محل وقوع کے اہمیت ،کم پیداواری لاگت اور چین کی ٹیکنالوجی کی مدد سے نئے اقتصادی مواقع پید ا کر سکتا ہے،چین کی ترقی پاکستان کے لئے مشعل راہ ہے۔ بدھ کو وزارت منصوبہ بندی وترقی کی جا نب سے جاری کیے گیے اعلامیہ کے مطا بق چین کے سب سے خوشحال صوبے تیان جن کے گورنر ہوانگ نے وفاقی وزیر ترقی، منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال سے ملاقات کی۔ تیان جن صوبے میں ہونے والی ملاقات میں گورنر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کے لئے فوری وفد بھیجنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ احسن اقبال نے کہا چین کی ترقی پاکستان کے لئے مشعل راہ ہے۔پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی صوبے تیان جن کے ساتھ مائیکرو الیکٹرانکس ک شعبے میں تعاون کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر نے صوبے میں چین کے سب سے بڑے اقتصادی زون کا بھی دورہ کیا۔