نئی دہلی: غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ایک ایسا انوکھا سکول ہے جہاں زیر تعلیم طلبہ میں سے 28 جڑواں بہن بھائی ہیں۔ سکول کے ترجمان سی مہیش کا کہنا ہے کہ ہمارے سکول کی منفرد خصوصیت ہے کہ یہاں شاید دنیا میں سب سے زیادہ تعداد میں جڑواں بہن بھائی پڑھتے ہیں۔ یہ بچے گریڈ ون سے ہائی سکول کی کلاسوں میں زیر تعلیم ہیں۔ ان جڑواں بہن بھائیوں میں 10 لڑکیوں اور 12 لڑکوں کے جوڑے شامل ہیں جبکہ 6 جوڑے ملے جلے ہیں۔
اپنی اس منفرد خصوصیت کی وجہ سے سکول نے گزشتہ دنوں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں تمام جڑواں بہن بھائیوں کو مدعو کیا گیا۔ اس تقریب میں تمام جڑواں بچوں نے ایک طرح کے لباس زیب تن کئے۔
جڑواں بچوں کی وجہ سے منفرد خصوصیت ہونا ایک الگ بات ہے لیکن دوسری جانب سکول کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ بعض اوقات انھیں بچوں کی شناخت میں سخت مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سکول کے ترجمان مہیش نے بتایا کہ اگرچہ یہ تمام بچے اساتذہ کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اکثر انھیں بچوں کے نام یاد نہیں رہتے۔ سکول انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ جڑواں بچوں کے ھوالے سے ان کی کوئی مخصوص پالیسی نہیں ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں بچوں کا ایک ہی سکول میں زیر تعلیم ہونا صرف ایک اتفاق ہی ہے۔ سکول ترجمان مہیش نے بتایا کہ جب بھی چتور شہر یا اس کے ملحقہ علاقوں میں جڑواں بچے پیدا ہوتے ہیں تو ان کے والدین کی پہلی خواہش یہی ہوتی ہے کہ ان کے بچے ہمارے سکول میں تعلیم حاصل کریں۔