|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2016

پشاور: پولیس نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر سردار سورن سنگھ کے قتل کے معاملے میں عوامی نیشنل پارٹی کے سابق سینیٹر امرجیت ملہوترا کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔ ڈی پی او بونیر خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے مشیر سردار سورن سنگھ قتل کیس میں سوات سے اقلیتی ڈسٹرکٹ ممبر بلدیو کمار اور شانگلہ سے یوسی نائب ناظم محمد عالم سمیت 6 گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے، دوران تفتیش ملزمان نے عوامی نیشنل پارٹی کی ٹکٹ پر 2009 میں اقلیتی سینیٹر امرجیت ملہوترا کا نام اگل دیا ہے جس کے بعد اب امرجیت ملہوترا کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل بونیر کے علاقے پیربابا بازارمیں فائرنگ کے نتیجے میں سردارسورن سنگھ کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔