کوئٹہ: بلوچستان بزنس کمیونٹی کے وفود نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ، ہلال امتیاز (ملٹری) سے ہیڈ کوارٹرز سدرن کمانڈ میں ملاقات کی۔اس میٹنگ میں چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ (بلوچستان)، انجمن تاجران بلوچستان ، مرکزی انجمن تاجران ودکانداران ، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ،بلوچستان ویمن بزنس ایسوسی ایشن کوئٹہ ، ویمن چیمبر�آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ ڈویژن کے نمائندگان شامل تھے۔اس ملاقات کے دوران تاجران کو درپیش اہم نوعیت کے معاملات اور مسائل کے بارے میں بات چیت کی گئی ۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے ان تمام مسائل کو بغورسنا اور سدرن کمانڈ کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ان معاملات کے حل کے لیے ہر فورم پر تمام ضروری کاوشیں کی جائیں گی ۔مزید برآں انہوں نے تمام شرکاء کو بتایا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی ملاقات جاری رہیں گی جو کہ بلوچستان گورنمنٹ اور متعلقہ اداروں کے باہمی اشتراک سے ہوں گی۔اہم معاملات و مسائل جن پر بات کی گئی وہ درج ذیل ہیں:۔بلوچستان میں امن و امان کے قیام ، بلوچستان میں ایکسپو سینٹر کا قیام ، کوئٹہ شہر کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد ، ایران کے ساتھ باہمی تجارت کے امور، کوئٹہ ائیرپورٹ کی تعمیر و ترقی ، ویمن بزنس ایسو سی ایشن کے امور میں سہولت کاری اورکوئٹہ میں فروٹ پروسیسنگ پلانٹ کا قیام وغیرہ۔آخر میں کمانڈر سدرن کمانڈ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات میں سے اس ملاقات کے لیے قیمتی وقت نکالا۔ ملاقات کے آخر میں تمام شرکاء کی کمانڈر سدرن کمانڈ کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔