لاہور: مقامی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو چیئرنگ کراس پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
لاہور میں چیئرنگ کراس پر جلسے کے حوالے سے مقامی انتظامیہ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو شدید سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس لئے گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کو چیئرنگ کراس پر جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چیرمین عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ جلسہ ہمارا جمہوری حق ہے اور سیکیورٹی فراہم کرنا مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ہم ہر صورت چیئرنگ کراس پر ہی جلسہ کریں گے۔
تحریک انصاف کی جانب سے چیئرنگ کراس پر جلسہ کرنے کی ضد پر ڈٹے رہنے کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصاف چیئر کراس پر ہی جلسہ کرنے پربضد ہے تو ہمیں بھی کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن تحریک انصاف اپنی سیکیورٹی کی خود ذمہ دار ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف یکم مئی بروز اتوار کو لاہور کے چیئرنگ کراس پر جلسے کا اعلان کر چکی ہے۔
لاہور انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو چیئرنگ کراس پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار
وقتِ اشاعت : April 29 – 2016