لندن: سربیا کے سابق ٹینس سٹار سلوبوڈن زیوجینووک نے ایک مقامی نیوز پیپر کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے آنجہانی لیڈی ڈیانا کے ساتھ بہت قریبی تعلقات تھے۔ اس نے بتایا کہ یہ تعلقات تب شروع ہوئے جب ان کی 1987ء کے ومبلڈن ٹورنامنٹ کے دوران شہزادی ڈیانا کے ساتھ ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب ہو گئے تھے۔ 52 سالہ سلوبوڈن زیوجینووک نے کہا کہ یہ وہ وقت تھا جب ان کی ذوریکا نامی خاتون سے منگنی ہو چکی تھی اور شہزادی ڈیانا بھی شہزادہ چارلس کے ساتھ ان کی اہلیہ کی حیثیت سے اپنی زندگی گزار رہی تھیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلوبوڈن زیوجینووک نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ آنجہانی شہزادی ڈیانا کیلئے اس کے دل میں بہت عزت واحترام ہے اس لئے وہ اس قریبی تعلق کی تفصیلات بیان نہیں کر سکتا لیکن اس بات کی ضرور تصدیق کر سکتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب تھے۔
سابق ٹینس سٹار نے کہا کہ میں اس قریبی تعلقات کی تفصیل میں نہیں جانا چاہتا کیونکہ شہزادی ڈیانا اب ہم میں موجود نہیں ہیں۔ میں صرف اتنا ہی کہنا چاہتا ہوں کہ یہی بہت بڑی بات ہے کہ وہ ومبلڈن ٹورنامنٹ کے دوران نہ صرف میرا میچ دیکھنے آئیں بلکہ مجھے سپورٹ بھی کیا۔ سربیا کے مقامی اخبار کے مطابق لیڈی ڈیانا اور سابق ٹینس سٹار کے درمیان پہلی ملاقات 1987ء کے ومبلڈن ٹورنامنٹ کے میچ سے قبل ہوئی تھی۔