کوئٹہ: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے خضدار کو گیس کی فراہمی کے لیے ایل پی جی پلانٹ لگانے کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم سے سوموار کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور صوبائی وزیر زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران خضدار کو گیس کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ خضدار صوبے کا دوسرا بڑا شہر ہے جس کی آبادی لاکھوں میں ہے جبکہ اقتصادی راہداری میں بھی خضدار کو خصوصی اہمیت حاصل ہے تاہم گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے خضدار کے عوام مشکلات کا شکار ہیں خضدار کو گیس کی فراہمی سے ناصرف وہاں کے عوام کو ایک بڑی سہولت مل سکے گی بلکہ علاقے میں صنعتی ترقی بھی ممکن ہو سکے گی، وزیراعظم نے خضدار کو گیس کی فراہمی کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہوئے ایل پی جی پلانٹ لگانے کی منظوری دی اور اس منصوبے پر جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ، وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا جبکہ صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے ایل پی جی پلانٹ کے ذریعے خضدار کو گیس کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری پر خضدار کے عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت خضدار کے مسائل کے حل اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی جس کے لیے وفاقی حکومت سے بھی تعاون حاصل کیا جائیگا۔