اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے خاندان سے احتساب کے آغاز پر اتفاق ہوگیا تاہم وزیراعظم کے استعفے کا معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کی بیٹھک ایک مرتبہ پھر آج لگے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی رہائشگاہ پر گزشتہ روز اپوزیشن کے اجلاس میں وزیراعظم کے استعفے کے معاملے پر اتفاق نہ ہونے پر آج ایک مرتبہ پھر حزب اختلاف کی جماعتیں مل بیٹھیں گی۔
گزشتہ روز اجلاس میں پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، ایم کیوایم، مسلم لیگ (ق) ، اے این پی، جماعت اسلامی اوردیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے خورشید شاہ، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، سینیٹر سعید غنی، نوید قمر اور سلیم مانڈی والا شامل تھے جب کہ تحریک انصاف کی جانب سے اجلاس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر، شیریں مزاری، عارف علوی، حامد خان اور عاطف خان نے اجلاس میں شرکت کی۔ مسلم لیگ (ق) کے چوہدری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید،طارق بشیر چیمہ، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، صاحبزادہ طارق اللہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، اے این پی سے غلام بلور، افتخار حسین، ایم کیوایم کے خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل اور میاں عتیق جب کہ آفتاب خان شیر پاؤ بھی اجلاس میں شریک تھے۔