کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال جاکر منگل کی صبح بم دھماکے میں زخمی ہونے والے 5پولیس اہلکاروں کی عیادت کی آئی جی پولیس احسن محبوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی اہلکاروں سے ان کی طبیعت اور صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد اورمکمل صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں سے زخمی اہلکاروں کی کیفیت اور انہیں فراہم کی جانے والی علاج و معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں ۔وزیراعلیٰ نے فرائض کی ادائیگی کے دوران دہشت گردی کی کاروائی میں زخمی ہونے کے باوجود اہلکاروں کے بلند حوصلے اور عزم کی تعریف کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیاوزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ہمت حوصلے اور جوانمردی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہیں یہی وجہ ہے کہ آج دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور ان کے پاس کوئی جائے پناہ نہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز پر حملوں اور بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔