|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2016

 اسلام آباد: سابق چئیرمین سینیٹ نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج کرنے پراپوزیشن لیڈرخورشید شاہ برہم ہوگئے اور کہا کہ سادہ کپڑوں میں ایک شخص اپنی پہنچان کرائے بغیر نیئربخاری جیسی شخصیت کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے۔ اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے نیئربخاری کے خلاف مقدمہ درج  کرنے پربرہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ میڈیا نیئرحسین بخاری کی تاریخ جانتا ہے جو چیئرمین سینیٹ اورپارلیمنٹرین رہے ہیں جب کہ وہ خود وکیل ہیں جو ضلع کچہری جا رہے تھے، ایک سویلین شخص بغیرپہچان کرائے نیئر بخاری کی تلاشی کیسے لے سکتا ہے جنہیں پہلے سے ہی سیکیورٹی خطرات لاحق ہوں۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد کے رویئے پرافسوس ہے جنہوں نے بغیر انکوائری کے نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر کا حکم دیا، یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا، وزیراعظم مذکورہ جج کی عدالت سے واقعہ کی تحقیقات کرائیں۔ واضح رہے کہ آج سابق چیرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری نے تلاشی لینے پر عدالت کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو تھپڑ رسید کردیا اور زبردستی کچہری میں گھس گئے تھے جس پر  آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین نے بھی تھپڑ مارنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیئر حسین کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔