|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2016

لاہور : نظام شمسی کا سب سے چھوٹا سیارہ عطارد آج زمین اور سورج کے درمیان سفر کرے گا ۔ عطارد کو معیاری وقت کے مطابق دن گیارہ بجے سے شام پونے سات بجے تک زمین اور سورج کے درمیان سفر کرتے دیکھا جا سکے گا ۔ عطارد کا یہ نظارہ خصوصی فلٹر والی دوربینوں کی مدد سے دیکھا جا سکتا ہے ۔ چونکہ عطارد ایک چھوٹا سیارہ ہے اور اس کا حجم زمین کے ایک تہائی ہے، اس لیے خلا میں اسے انتہائی طاقتور دوربینوں کی مدد سے ہی دیکھا جا سکتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عطارد کا مدار ٹیڑھا ہونے کی وجہ سے کبھی کبھار ہی زمین عطارد اور سورج خلا میں ایک دوسرے کے سامنے آتے ہیں ۔ اس طرح کا واقعہ سو سال میں تیرہ بار ہی ہوتا ہے ۔ اگلی بار عطار کو دیکھنے کا موقع دو ہزار انیس اور دو ہزار بتیس میں ملے گا ۔ دیکھنے والوں کو عطارد ایک چھوٹی سیاہ ڈسک کی مانند دکھائی دے گا جو سورج کے دیگر دھبوں کی نسبت زیادہ گہرے رنگ کی ہوگی اور آہستہ آہستہ سورج کے سامنے سے گزرے گی ۔ عطارد کے اس ساڑھے سات گھنٹے کے سفر کو مغربی یورپ، شمال مغربی افریقہ اور شمالی و جنوبی امریکہ کے شہری مکمل طور پر دیکھ سکیں گے جبکہ آسٹریلیا، مشرقِ بعید اور انٹارکٹکا میں موجود افراد اس نظارے سے بالکل محظوظ نہیں ہو سکیں گے۔