کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے منفی عناصر کی تمام تر کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے ملک اور صوبے کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو مسترد کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ بلوچستان ترقی کے ایک شاندار راستے پر گامزن ہو چکا ہے، جس کی منزل ایک پر امن ، خوشحال اور پڑھا لکھا بلوچستان ہے، عوام کا اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد بڑھ چکا ہے اور بلوچستان کی حکومت صوبے کے عوام کی بہتری اور بھلائی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، حکومت ، فوج اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے ایک مربوط اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ملک دشمن عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 47ویں نیشنل ایتھلٹکس چیمپئن شپ 2016کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، جنرل آفیسرز ، سیاسی و قبائلی عمائدین اور چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور لوگوں بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 24 برس بعد 47ویں نیشنل ایتھلٹکس چیمپئن شپ 2016کا بلوچستان میں انعقاد ہمارے لیے باعث فخر ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم بلوچ روایات کے مطابق کھلاڑیوں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کوئٹہ میں قومی خواتین سافٹ بال چمپیئن شپ کا انعقاد ہوا ایک مہینے کی مختصر مدت میں دوسری قومی چمپیئن شپ کی میزبانی اس بات کی مظہر ہے کہ بلوچستان کے عوام تعمیری سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے نا صرف تعمیری جذبے کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ملکی یکجہتی کو پروان چڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، باہر سے پہلی مرتبہ بلوچستان اور کوئٹہ آنے والے کھلاڑیوں نے یہ محسوس کیا ہوگا کہ یہاں کے لوگ وطن سے بے پناہ محبت کرنے والے ملک کی ترقی میں پیش پیش اور تعمیری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے لوگ ہیں، چمپیئین شپ میں شریک مرد و خواتین کے چمکتے اور روشن چہرے اس بات کی دلیل ہیں کہ وطن عزیز کا مستقبل شاندار اور تابناک ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ہماری نوجوان نسل اپنے بڑوں کے شانہ بشانہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور طور پر شریک رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ چمپیئن شپ میں اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور مثالی سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا جائیگا ،ان مقابلوں سے بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے، وزیراعلیٰ نے ان مقابلوں کے انعقاد کی میزبانی بلوچستان کو دینے پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے بلوچستان میں کھیلوں کی ترقی میں مددگار ثابت ہونگے اور بلوچستان کے عوام تعمیری سرگرمیوں کے انعقاد میں ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے 47ویں قومی ایتھلیٹکس چمپئین شپ برائے سال 2016کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر علاقائی رقص پیش کرنے والی سکول کی بچیوں کے لیے 5لاکھ روپے، جمناسٹک (مارکو) کا مظاہرہ پیش کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے 5لاکھ روپے، اسکول بینڈ کے لیے 2لاکھ روپے اور سوینئر پیش کرنے والی بچیوں کے لیے بھی 5لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا، انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ چیمپئن شپ کے تمام تر اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ قبل ازیں پاکستان ایتھلٹکس فیڈڑیشن کے صدر میجر جنرل محمد اکرم ساہی نے سپاسنامہ پیش کیا۔ چیمپئن شپ کے آغاز پر کھلاڑیوں نے مشعل روشن کی جو چیمپئن شپ کے اختتام تک جلتی رہے گی، چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا اور مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی، چمپئین شپ کے آغاز کے اعلان پر فضاء میں رنگ برنگے غبارے اور کبوتر چھوڑے گئے، 5روزہ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں ، پاک آرمی، پاک فضائیہ، واپڈا ،ریلوے اور اسلام آباد کی ٹیموں کے 1000 مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، افتتاحی تقریب کے بعد کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز کر دیا گیا۔