اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اگر اپوزیشن کی جانب سے تیار کردہ سوالات کے جواب دے کر ہمیں مطمئن کردیا تو ہم خاموش ہوجائیں گے۔
اسلام آباد اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں پیش کردہ سوالات بنانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم نواز شریف کے لئے 7 سوالات تیار کئے ہیں اور اس کا جواب ہر صورت چاہیئے، اگر وزیراعظم پارلیمنٹ میں آئیں تو اپوزیشن کے سوالات کے جواب ضرور دیں، اگر وزیراعظم نے جواب دے کر مطمئن کردیا تو خاموش ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے تیار کردہ ٹی آو آرز سب کے لئے یکساں ہیں، صرف ہم نے یہ کہا ہے کہ وزیراعظم سے احتساب سے آغاز ہو،جو وزیراعظم اپنے بچوں کا سرمایہ پاکستان نہیں لاسکتے وہ دوسرے سرمایہ کار کیسے لاسکتے ہیں تاہم بلاول بھٹو زرداری جو بول رہے ہیں یہی پیپلزپارٹی کی پالیسی ہے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے پوچھا جائے گا کہ لندن میں مے فیئراپارٹمنٹ کب خریداگیا، خریداری کا سورس کیا تھا اور اس کی خریداری کے وقت کتنا ٹیکس ادا کیا، کیا وزیراعظم آگاہ ہیں کہ بیگم کلثوم نواز اپارٹمنٹ کی خریداری کے بارے بیان دے چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں ان کی اور ان کے اہلخانہ کی مے فیئر اپارٹمنٹ سے کیا دلچسپی ہے، کیا وزیراعظم برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی خبر سے آگاہ ہیں اور کیا یہ سچ ہے کہ وزیراعظم کے بیٹیوں اوربیٹی کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں شیئرزہیں۔ اعتزاز احسن نے سوال کیا کہ وزیراعظم نے ساری دولت کا 1950 سے اب تک کتنا ٹیکس ادا کیا۔
وزیراعظم اپوزیشن کے سوالات کے جواب دیکر مطمئن کردیں تو خاموش ہوجائیں گے، اعتزاز احسن
وقتِ اشاعت : May 11 – 2016