|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2016

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائز ر سردار یار محمد رند نے نیب کی حالیہ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکومت سمیت مسلم لیگ ’’ن‘‘کی حکومت کرپشن میں ملوث ہے تعلیم، بلدیات، صحت سمیت دیگر شعبوں میں اربوں روپے کے ٹینڈرز بنگلوں میں بیٹھ کر کئے گئے سیکرٹری خزانہ ظاہری مہر ہ ہے اس معاملے میں کرپشن کنگ پر ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے جس نے کرپشن کے ذریعے مال بنایا اور این اے 267کے حالیہ ضمنی انتخاب میں فی ووٹ دس ہزار روپے میں خرید کر حقیقی عوامی رائے دہی کو اس آسرے پر پامال کیا کہ اس صلے میں انہیں صوبائی وزیر بنایا جائیگا۔ان خیالات کا اظہا ر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار یار محمدرند نے کہا کہ نیب کے حالیہ اقدامات قابل تعریف ہیں تاہم کرپشن میں ملوث عناصر پلی بارگین سمیت کسی رعایت کے مستحق نہیں ،بدعنوان عناصرکے بچاؤ کے لئے کرپشن کنگ کی سربراہی میں ایک ٹولہ متحرک ہوگیا ہے اور اگر بدعنوانی میں ملوث عناصر کسی بھی طرح رہا ہوجاتے ہیں تو احتسابی اداروں سے عوام کااعتماد اٹھ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل کی لوٹ مارمیں ملوث کرپٹ عناصر کے بارے میں دہشت گردوں کی طرح زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اوردیمک کی طرح عوامی وسائل چاٹنے والوں کا بے رحمانہ احتساب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نیب سے ہر طرح کے تعاون کے لیے تیار ہیں وسیع تر ملکی مفاد میں کرپٹ عناصر کا محاسبہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں عوامی وسائل کی لوٹ ماراور کرپشن سے متعلق 2008سے ہم مسلسل میڈیا ،عدلیہ ،انتظامیہ اور نیب سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرتے آرہے ہیں نیب کی حالیہ کارروائی ہمارے اسی موقف کی ٹھوس تائید ہے ۔سردار یار محمد رند نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ فوج جیسے باوقار ادارے کے سربراہ نے احتساب کا اعمل اپنے ہی ادارے سے شروع کیا ہے لہذا اب کسی بھی کرپٹ عناصر سے رعایت کی قطعی کوئی گنجائش نہیں اور بلاامتیاز کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہر سیاست دان، آفسر شاہی اور بدعنوان افراد کا کڑا احتساب کیا جائے۔