کوئٹہ : کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد نے کلینک میں گھس کرفائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو کوئٹہ کے تھانہ نیو سریاب کی حدود مشرقی بائی پاس پر مندوخیل آباد میں تین نامعلوم مسلح افراد نے فاطمہ کلینک میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہاں موجود ڈاکٹر شیراز عرف ڈاکٹر سراج ولد پیر محمد ملک سکنہ میر پور خاص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ انہیں دو گولیاں سر پر جبکہ دو کندھے پر لگیں۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 22بورپستول کے خول ملے ہیں ۔ مقتول کی لاش سول اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر شیراز کو رشتے کے تنازعے پر قتل کیا گیا ہے۔