زیوریخ: فٹ بال کی گورننگ باڈی فیفا نے اپنی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی خاتون کو سیکرٹری جنرل مقررکردیا۔
سینیگال سے تعلق رکھنے والی فاطمہ سیمبا ڈیوف سیمورا فیفا کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل ہیں جو سابق سیکرٹری جنرل جیروم والکے کی جگہ تعینات ہوئی ہیں۔
جیروم والکے پرکرپشن کے الزامات کے باعث 12 سال کے لیے فٹ بال سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
54 سالہ فاطمہ سیمورا 21 سال تک اقوام متحدہ سے منسلک رہ چکی ہیں جبکہ رواں سال جون میں فٹ بال کی گورننگ باڈی میں اپنی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیں گی۔
فاطمہ سیمورا کا کہنا تھا کہ ‘آج کا دن میرے لیے حیران کن ہے اور فیفا کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ ملنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ عہدہ میری قابلیت، صلاحیت اور تجربے کے مطابق ہے’۔
انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ‘میں اپنے تجربے سے فیفا کے انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے پرامید ہوں، فیفا نئے تصورات پر کام کررہا ہے اور میں ان تصورات کو پر اثر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو بے چین ہوں’۔
فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کا کہنا تھا کہ ‘فیفا کے لیے یہ لازم ہے کہ تازہ تصورات کو شامل کرے جیسا کہ ہم تنظیم کی بحالی اور تعمیرنو کے لیے سرگرم ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ (سیمورا) ٹیم کی قیادت کرنے اور تنظیم کی اچھی کارکردگی کے طریقوں کے لیے اپنی قابلیت ثابت کرچکی ہیں’۔
فیفا کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ’بالخصوص فیفا کے حوالے سے وہ سمجھتی ہیں کہ کسی بھی بڑی اور ذمہ دار تنظیم کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے شفافیت اور احتساب بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے’۔