فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے آڈیٹنگ کے سربراہ ڈومینکو سکالا عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی میں ہونے والی اصلاحات پر بطور احتجاج مستعفیٰ ہو گئے ہیں۔
ڈومینکو سکالا اس بات پر ناراض ہیں کہ نئی فیفا کونسل کو کمیٹیوں کے لیے جن میں آڈیٹنگ، قوانین و ضوابطہ اور مالی معاملات کی کمیٹیاں شامل ہیں، میں تقرر کرنے اور برطرف کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ تنظیم میں بدعنوانی کے سکینڈل سامنے آنے کے بعد فیفا ایگزیکٹو کمیٹی کی جگہ کونسل نے لے لی ہے۔ ڈومینکو سکالا کا کہنا ہے کہ ’کمیٹیوں کو ان کی خود مختاری سے محروم کر دیا گیا ہے۔‘ فیفا کا کہنا ہے کہ ’ڈومینکو سکالا غیر مصدقہ دعوی کر رہے ہیں جو کہ بے بنیاد ہے۔‘ ڈومینکو سکالا نے مزید کہا کہ وہ اس فیصلے کو دیکھ کر گھبرا گئے کہ ’اس سے کمیٹی ممبرز کو نکالنے یا نکالنے کے خوف کے ذریعے تحقیقات کو رکوانا کونسل کے لیے ممکن ہوگا۔‘ ’اس کی وجہ سے فیفا کے بہتر گورننس کے مرکزی ستون کمزور ہوں گے اور اصلاحات سے حاصل ہونے والی حقیقی کامیابی تباہ ہو جائے گی۔‘ انھوں نے کہا کہ ’یہ ان تمام افراد کے لیے جاگنے کا وقت ہے جو اصل میں ان اصلاحات کے حق میں تھے۔‘ فیفا نے ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کے نائب سندی موباسو کویانا کو قائم مقام چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔ فیفا کا کہنا ہے کہ ’ڈومینکو سکالا نے کانگریس کی جانب سے لیے گئے فیصلے کے مقصد کا غلط مطلب لیا ہے۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس فیصلے کا مقصد کونسل کو یہ اجازت دینا تھا کہ وہ ممبروں کو عبوری بنیادوں پر تعینات کریں۔‘ اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’ان اقدامات کے ذریعے اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی برتنے والے ممبران کو فوراً نکالنے کی آزادی ملتی ہے۔‘فیفا کی خودمختار آڈٹ کمیٹی کےصدر مستعفیٰ
وقتِ اشاعت : May 14 – 2016