|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2016

اسلام آباد :  وزیراعظم نواز شریف پیر کو پارلیمنٹ سے خطاب میں اپوزیشن جماعتوں سے ٹی او آرز پر مذاکرات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی کا اعلان کریں گے جس کے سربراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف پیر کو اپوزیشن جماعتوں کے سوالوں کا جواب دینے کیلئے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ پانامہ لیکس کی تحقیقات بارے مجوزہ کمیشن کے ٹی او آرز طے کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی کا اعلان کریں گے۔ اس کمیٹی کے ممبران میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفر اللہ خان، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمان، اتحادی جماعتوں سے محمود خان اچکزئی، سینیٹر میر حاصل بزنجو اور اعجاز الحق شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے درمیان مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے حکومت کے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے خط کا جو جواب دیا ہے اس کی روشنی میں اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پیر کو اسمبلی اجلاس میں شرکت سے قبل وفاقی وزیر قانون زاہد حامد خان ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان وزیراعظم نواز شریف کو قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دیں گے۔