|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2016

 اسلام آباد: پاناما لیکس کے معاملے اور وزیراعظم نواز شریف کے ایوان میں آنے سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے کے لئے متحدہ اپوزیشن کا اجلاس جاری ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کی رہائشگاہ پر متحدہ اپوزیشن کا اجلاس جاری ہے جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے علاوہ تمام دیگر حزب اختلاف کی جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی ایوان میں آمد کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن نے 7 سوالات پہلے ہی تیار کررکھے ہیں تاہم حتمی حکمت عملی کے لئے اپوزیشن رہنماؤں کی مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کے سوالات پرمطمئن نہ کئے جانے پر اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کی پالیسی پرغورکیا ہے تاہم اگروزیراعظم نے سوالات کے جواب دیئے لیکن اپوزیشن کو مطمئن نہ کیا تو اپوزیشن رہنما ان کے سامنے مزید سوالات رکھیں گے۔ ذرائع كے مطابق اپوزيشن نے وزيراعظم كی اسمبلی آمد پراحتجاج نہ كرنے كا فيصلہ كيا ہے تاہم اگروزيراعظم  ايوان ميں نہيں آتے يا وہ پاناما ليكس  پر اپنا موقف بيان نہيں كرتے تو اس صورت ميں حكمت عملی اس كے برعكس ہوگی۔ حكومت نے بھی اپوزيشن كی حكمت عملی كا كاؤنٹر كرنے كی كارروائی  كو گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان  كی سربراہی میں  ہونے والے اجلاس ميں حتمی شكل دی گئی جب کہ وزير اعظم نوازشريف نے  وزراء اركان قومی اسمبلی  كو سختی سے ہدايت كی كہ ہر صورت اجلاس  ميں شركت كريں۔