|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2016

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے پارلیمنٹ سے خطاب کو تاریخی قراردیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خطاب کے دوران وزیراعظم کے اعتماد اور لہجے کی سچائی نے ثابت کردیا ہے کہ ان کا دامن صاف ہے وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں اپنی سچائی کے تحریری ثبوت اور ناقابل تردید دستاویزات سامنے لاکر مخالفین اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے منہ بند اور قوم کو حقائق سے آگاہ کردیا ہے جبکہ وزیراعظم نے خود کو اور اپنے خاندان کو پہلے ہی سے احتساب کیلئے پیش کرکے اور کمیشن کی تشکیل کا اعلان کرکے ایک تاریخی مثال قائم کردی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے نہ تو پہلے اور نہ ہی اب ذاتی انا کو اپنا مسئلہ بنایا کیونکہ ان کے نزدیک ملک و قوم کی عزت و انا زیادہ مقدم ہے اور اس امر کو سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے خود کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کردیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وزیراعظم کی جانب سے پارلیمنٹ کے ذریعے احتساب کے نافذ نظام کو مزید جامع بنانے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بہتان اور بے بنیاد الزام تراشی کی نہ صرف اسلام میں سختی سے ممانعت ہے بلکہ ہماری اخلاقیات بھی اس کی اجازت نہیں دیتی بہتان اور الزام تراشی کرنے والے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں تاہم عوام کی تائید و حمایت سے مسلم لیگ (ن) ملک اور قوم کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنادے گی۔ وزیراعلیٰ نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے اپوزیشن کے واک آوٹ کو غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی رویہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس دلائل تھے تو انہیں اجلاس سے بھاگنے کی بجائے اپنا موقف پیش کرنا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ ایک روشن توانا اور ترقی یافتہ پاکستان کی تشکیل کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت ناگزیر ہے ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام اپنے قائد کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔