|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2016

نیو یارک: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ایف 16 طیاروں کی فنڈنگ کے لیے پاک امریکا تنازعہ دونوں ممالک میں دوریوں کا ثبوت ہے۔ اپنے ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نوجوانوں پر مشتمل ہے، امن اور ترقی کی بدولت پاکستان خطے میں مضبوط جمہوری ملک کے طور پر ابھرا ہے، پاکستان خطے میں مضبوط جمہوری ملک کے طور پر ابھر رہا ہے، پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے، ملک میں مشرق سے سرمایہ کاری آ رہی ہے لیکن پاکستانی عوام کو آج بھی دہشت گرد گروپوں سے خطرات کا سامنا ہے۔ افغان جنگ کے 15 سال بعد طالبان پھر مضبوط ہو چکے ہیں۔ سابق صدرکا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات خطےمیں روس کی دھمکی کی وجہ سے مضبوط ہوئے تھے لیکن روس اور غیر ریاستی عناصر کے خطرے میں یہ مضبو ط اتحاد کمزور پڑ رہا ہے، پچھلے 15 سال سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں، ایف سولہ طیاروں کی فنڈنگ کے لیے پاک امریکا تنازعہ دونوں ممالک میں دوریوں کا ثبوت ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف ضروریات کا اعتراف کرتی ہے،امریکی کانگریس خصوصاً سنیٹر باب کورکر طیاروں کی ڈیل کےخلاف ہیں، امریکی کانگریس کو شبہ ہے تو پاکستان آ کر دیکھ لے کہ ہم دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں۔ امریکا اور پاکستان کے درمیان رواں ہفتے مذاکرات ہوں گے، توقع ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی ضروریات پوری کرے گا۔