لاس اینجلس: امریکی چینل کے ٹی ایل اے (KTLA) کی موسم کا حال بتانے والی میزبان لبرٹے چَین (Liberté Chan) کو اُس وقت عجیب صورتحال کا سامناکرنا پڑا، جب اُن کے لباس کے حوالے سے ای میلز موصول ہونے پر لائیو شو کے دوران انھیں سوئیٹر پہننے کو دیا گیا۔
لاس اینجلس ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق مارننگ شو کی میزبان لبرٹے چَین نے ایک سیاہ رنگ کا منی اسکرٹ پہن رکھا تھا، جس پر چند تنقیدی ای میلز موصول ہوئیں۔
چَین کے مطابق اس سے قبل انھوں نے ایک دوسرے لباس کا انتخاب کیا تھا لیکن چونکہ وہ لباس سَیٹ کے پس منظر سے مطابقت نہیں رکھتا تھا لہذا انھوں نے سیاہ لباس پہننے کو ترجیح دی۔
تاہم ان کے لباس پر ای میلز موصول ہونے کے بعد ایک اور میزبان کرس بوروس (Chris Burrous) نے انھیں ایک سوئیٹر پہننے کو دیا، جب چَین نے اس حوالے سے سوال کیا تو کرس کا کہنا تھا، ‘ہمیں بہت سی ای میلز موصول ہورہی ہیں’۔
جس کے بعد چَین کو لائیو نشریات کے دوران وہ سوئیٹر پہننا پڑا تاکہ وہ اپنے کندھوں کو چھپا سکیں اورمذکورہ ‘گرے سوئیٹر’ پہننے کے بعد ہی انھوں نے پروگرام کا دوبارہ سے آغاز کیا۔
چَین نے بلااختیار مذاقاً کہا، ‘میں ایک لائیبریرین لگ رہی ہوں’، جس پر کرس نے فوراً جواب دیا، ‘یہ ٹھیک ہے’۔
https://www.facebook.com/LiberteChanKtla5/videos/1135814116463535/چَین کے مذکورہ لباس پر بہت سے ناظرین نے یہ کہہ کر تنقید کی کہ علی الصبح اس طرح کا لباس بہت ‘چمکدار’ ہے، جس کے بعد کے ٹی ایل اے کے چینل 5 نیوز براڈ کاسٹ کو متعدد ای میلز موصول ہوئیں جبکہ چَین کو سوئیٹر دیئے جانے کے بعد ٹوئٹر پر #sweatergate کا ہیش ٹیگ بھی بنا لیا گیا۔ کچھ لوگ اس واقعے پر ناراض بھی ہوئے اور اسے ملازمت کی جگہ پر جنسی تفریق سے تشبیہہ دی۔ بعدازان چَین کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح کے ٹی ایل اے کو ناراض صارفین کی جانب سے چَین کے لباس کے حوالے سے ای میلز موصول ہونے پر انھیں سوئیٹر دیا گیا، جبکہ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ انھیں سوئیٹر دینے والے میزبان کرس بوروس خود بھی کارگو شارٹس میں ملبوس تھے، تاہم ناظرین انھیں دیکھ نہیں پائے۔ اتوار کو چیَن نے اپنے ذاتی بلاگ میں اس تنازع کے حوالے سے لکھا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ سوئیٹر دینے کا معاملہ ان کے باس کی جانب سے نہیں اٹھایا گیا، ساتھ ہی انھوں نے اپنے فینز کی جانب سے حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کا خیال تھا کہ ان کے ساتھیوں نے ان کے ساتھ مذاق کیا۔ چَین کا کہنا تھا کہ ‘کے ٹی ایل اے میں کوئی تنازع نہیں ہے، میرے باسز مجھے کوٹ یا سوئیٹر پہننے پر مجبور نہیں کرتے، یہ سب بہت اچانک ہوا، مجھے اپنی جاب سے محبت ہے، مجھے اپنے باسز سے محبت ہے اور میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کو انجوائے کرتی ہوں، ہمارا مقصد کسی کو مشتعل کرنا نہیں تھا، ہم آن ایئر اور آف ایئر ایک دوسرے کے دوست ہیں ۔’ چینل نے بھی اس تنازع کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کیا اور وضاحت کی کہ مارننگ شوز میں اس طرح کے مذاق ہوتے رہتے ہیں، ‘کیا دنیا میں پریشان ہونے کے لیے اور مزید چیزیں نہیں ہیں؟’