|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2016

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو شدید گرمی میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی میں کیسکو کی جانب سے عوام دشمنی پر مبنی اقدامات کےئے جارہے ہیں پشتون آباد سمیت گلی نمبر 11سے لیکر گلی نمبر 19تک ، تارو چوک ، بابا خالد روڈ ، ملا سلام روڈ ، برما روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں 16گھنٹے کی اذیت ناک لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔ ایک طرف گرمی کی شدت میں اضافے اور لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی قلت میں شدید اضافہ ہوا ہے چونکہ ٹیوب ویل لوڈشیڈنگ کے باعث چلتے نہیں اور عوام کو پینے کے پانی کے حصول کیلئے شدید اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایسے میں ٹینکرز مافیا کی چاندنی ہوگئی ہے اور من مانی قیمتیں حصول کررہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہی صورتحال کوئٹہ کے مختلف علاقوں پشتون باغ ، خروٹ آباد ، نواں کلی ،لیبر کالونی ،سرہ غوڑگی، ترین شار ،ہنہ اوڑک ،شالدرہ ،سریاب ،سیٹلائٹ ٹاؤن ، مشرقی ومغربی بائی پاس، محمود مینہ ،لوہڑ کاریز ،پشتون کوٹ، بڑیچ آباد، موسیٰ کالونی ، ہزارہ ٹاؤن ، بروری ، دیبہ ، بلیلی ،شیخ ماندہ کلی گل محمد ، سمنگلی نوحصار ، غبرگ ، کچلاک ، کلی عمر ، کوتوال اندرون شہر ودیگر ملحقہ علاقوں میں بھی ناروا وغیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔عوام میں بجلی کی طویل وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو لیکر سخت غم وغصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔ لہٰذا عوام دشمنی پر مبنی ناروا غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائیں۔