خضدار: ڈسٹرکٹ کونسل خضدا رکا ایک اہم اوراجلاس ڈسٹرکٹ کونسل ہال خضدار میں زیر صدارت وائس چیئرمین خضدار و اسپیکر ضلعی اسمبلی عبدالحمید بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمد درانی اور ڈپٹی کمشنر خضدارمحمد عالم فراز نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ جب کہ ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے ممبران کی اکثریت اور محکمہ جات کے سربراہ بھی اجلاس میں شریک تھے ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی کی درخواست پر ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے ممبر میر جمعہ خان شکرانی کی نواسی کے جاں بحق ہونے پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران کو گرانٹ کی فراہمی، تعلیم صحت پبلک ہیلتھ جنگلات لائیو اسٹاک ،ضلع خضدار انتظامیہ کی خالی پوسٹوں ونائب تحصیلدار و تحصیلدار ز کی کمی و دیگر معاملات پر تفصیلی طور پر اظہار خیال کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدارمیں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام تر مسائل کا احاطہ کرکے ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ گو کہ بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات محدود ہیں تاہم اس کے باوجود بھی ہم وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خا ن زہری سے خضدار کے لئے خصوصی گرانٹ لینے کی کوشش کریں گے ۔تاکہ یہاں خضدار میں عوام کو علاج و معالجے کی سہولیات ، تعلیمی ترقی ، ڈیمز کی تعمیر اور نوجوانوں کور وزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ان مسائل کے حل کے لئے ہم دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ ہمیں اس میں کامیابی ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور محکمہ ہیلتھ میں ڈاکٹرز وملازمین کی حاضری کویقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے اور اس حوالے سے کسی بھی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا جائیگا۔ میں خوشی محسوس کررہاہوں کو آج میں ڈسٹرکٹ کونسل کے حلیف و حریف تمام ممبران کو ساتھ لیکر چل رہاہوں اور فنڈز کی تقسیم بھی برابری کی بنیاد پر ہورہی ہے ۔یہی ہماری سیاست کا حسن ہے کہ اتحاد و اتفاق اور بھائی چارگی کے ساتھ سب کو ساتھ لیکر چلیں ۔بلدیاتی اداروں کے قیام سے اب تک ہم اس بھائی چارگی کی روایت برقرارکھے ہوئے ہیں ۔ اجلاس سے ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عالم فراز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خضدار میں سابق ڈپٹی کمشنر ز نے جو خدمات سرانجام دی ہیں میں ان سے بڑھ کر خضدار کے عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا عوام بھروسہ رکھیں امن وامان پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ اور امن وامان کے اس پُرسکون سلسلے کو مزید آگے بھی اسی طرح جاری و ساری رکھا جائیگا ۔ میں انتظامیہ کی سیٹ پر بیٹھ کر عوام کے مسائل صحت تعلیم و دیگر شعبوں کو حل کرنے اور ملازمین کی ڈیوٹیوں پر پابندی کو ہرصورت میں یقینی بناؤں گا۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ اسپیکر اسمبلی کی اجازت سے ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے ممبر ان مولانا عبدالصبور مینگل ، مولانا جلیل احمد جلالی ، محمد نعیم مینگل ، مولانا عبدالغفار بزنجو ، چوہدری عبدالحق رند حاجی عزیز محمد زہری ودیگر ممبران نے بحث ومباحثہ حصہ لیا۔ مولانا عبدالصبور مینگل نے وڈھ آر ایچ سی میں ڈاکٹرز و عملے کی غیر موجودگی کی شکایت کی ، چوہدری عبدالحق رند نے کہاکہ کرخ میں ژالہ باری ہوئی ہے اور دو افراد جاں بحق فصلات تباہ مال موشی ہلاک ہوئے ہیں ا س سلسلے میں قرار داد منظور کرکے متاثرین کو معاوضہ دیا جائے ۔ جس پر کرخ کے متاثرین کے لئے قرار داد پاس کی گئی ۔ بعدازاں گورنمنٹ آفیسران ڈی ایچ او خضدار محمد انور ریکی ایکسیئن پی ایچ ای ظفراللہ زہری نے ڈسٹرکٹ کونسل ممبران کو جوابات دیئے ۔