مینگورہ/ سوات: وزیراعظم نواز شریف نے 2018 کو ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال قرا ردیتے ہوئے قوم سے وعدہ کیا ہے ملک سے 2018میں بجلی کی قلت ختم ہو جائے گی، اپنا اپنا مقدر ہے کوئی سڑک بنا رہا ہے اورکوئی سڑکوں پر آرہا ہے جب کہ خیبرپختونخوا کے عوام 2013 کی غلطی پر پچھتا رہے ہیں کیوں کہ انہیں جس تبدیلی کا خواب دکھایا گیا وہ اب تک نہیں آئی ، یہاں کے لوگ اس وقت جھانسے میں نہ آتے تو آج تبدیل آچکی ہوتی کئی لوگ بار بار سٹرکوں پر آنے کا کہتے ہیں ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم سڑکوں پر آتے جاؤ ، پاکستان تیزی کے ساتھ ترقی کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان کا زر مبادلہ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ،پاکستان اور خیبرپختونخوا کی تقدیر بدلنے والی ہے، مینگورہ کو ہیلی کاپٹر سے دیکھا ہے وہی پرانی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں،سکول اورہسپتال، تبدیلی دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ کہاں ہے تبدیلی، مگر وہی پرانا مینگورہ ،سوات اور سیدو شریف نظر آیا،ہماری تبدیلی پنجاب، بلوچستان میں بھی نظر آتی ہے،حکومت کی جانب سے یہاں ترقیاتی منصوبے ہیں نیا پاکستان، کڈنی ہسپتال پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کو تحفہ ہے ۔وہ جمعہ کو مینگورہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے سوات ، مینگورہ اور شانگلہ میں خواتین کیلئے یونیورسٹی سب کیمپس ،نوجوانوں کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ اسٹیوٹ،تحصیل قبل اور مٹہ میں 30 کروڑ کی لاگت سے کے وی اے 132 کے گرڈ سٹیشن کے قیام ، سوات میں ہاکی کے فروغ کیلئے آسٹروٹرف لگانے ، سیدو شریف کے ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال،چکدرہ سے کالام تک 133 کلو میٹر سڑک کو ایکسپریس وے، بشام سے خوالا خیلہ سڑک ، سوات اور شانگلہ ضلع کونسل کیلئے 20,20 کروڑ کیلئے اعلان کیا۔ مینگورہ میں وزیراعظم نواز شریف نے ’’جیو مینگورہ، جیو مینگورہ‘‘ کے نعرے سے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میں آج انوکھا مینگورہ دیکھ رہا ہوں، میں یہاں کئی بار آیا ہوں مگر آج آپ لوگوں کا جوش دیکھ کر دل کہتا ہے کہ ’’جیو مینگورہ، خوش رہو مینگورہ، خوش رہو مینگورہ‘‘ اور سوات کے رہنے والوں آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ جس تبدیلی کا آپ سوچ رہے تھے وہ تبدیلی نہیں آئی یہاں پر لیکن اب انشاء اللہ تبدیلی آئے گی اور آ کر رہے گی، تھوڑا یہ سودہ مہنگا رہا ہے،لیکن کوئی بات نہیں اگر کچھ سال لگ گئے سبق سیکھنے میں تو کوئی بات نہیں، اگر آپ کسی جھانسے میں نہ آتے تو آج واقعی تبدیلی آ گئی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آج میں نے مینگورہ کو ہیلی کاپٹر سے دیکھا ہے وہی پرانی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، وہی ٹوٹے پھوٹے سکول، وہی ٹوٹے پھوٹے ہسپتال، میں تبدیلی دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ کہاں ہے تبدیلی، مگر وہی پرانا مینگورہ ،سوات اور سیدھو شریف نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا جذبہ بتا رہا ہے کہ آپ لوگ پچھتا رہے ہیں کہ آپ لوگوں نے 2013کے الیکشن میں غلطی کی ہے،اگر وہ لوگ تبدیلی نہیں لائے تو ہم لوگ تبدیلی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ کے فضل و کرم سے قومی منصوبوں سے تبدیلی لا رہے ہیں، ہماری تبدیلی پنجاب، بلوچستان میں بھی نظر آتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ باقی صوبوں میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کریں اور ہم نے موٹرویز بنائی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں آج آپ سے یہ پوچھنا چاہتا تھا کہ سوات اور مینگورہ کے لوگ سب سے زیادہ کس چیز کو حاصل کرنا چاہتے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بار بار کہتے ہیں کہ ہم لوگ سڑکوں پر آئیں گے، سڑکیں ہوں گی تو وہ لوگ سڑکیں پر آئیں گے، میں تمہارے لئے سڑکیں بنا رہا ہوں، آ جاؤ تم لوگ سڑکوں پر ہم سڑکیں بناتے جائیں گے تم لوگ سڑکوں پر آتے جاؤ، یہ اپنا اپنا مقدر ہے، کوئی سڑکیں بنا رہا ہے، کوئی سڑکوں پر آ رہا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں آج یہاں تبدیلی کا پیش خیمہ لے کر آیا ہوں، پاکستان اور خیبرپختونخوا کی تقدیر بدلنے والی ہے، آج یہاں کڈنی ہسپتال کا افتتاح کرنے آیا تھا، بہت خوبصورت ہسپتال بنا ہے، بیرون ملک کی طرز پر نیا ہسپتال بنا ہے، یہ ہے نیا پاکستان، یہ ہسپتال پنجاب کی طرف سے تحفہ ہے خیبرپختونخوا کو،جس پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اوروزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں، جنہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر اور اپنی نگرانی میں یہ ہسپتال بنایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جہاں جہاں گیا ہوں وہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے اور ان پر عمل بھی انشاء اللہ کروائیں گے، میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جن لوگوں نے فنڈز اور امداد اس ہسپتال کیلئے دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی بات الیکشن کے دنوں میں ہو گی،میں یہاں الیکشن کی بات کرنے نہیں آیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ نے ابھی کہا ہے کہ ترقیاتی کام جو کر رہے ہیں اور جو کریں گے تو یہاں کی حکومت کے ترقیاتی کاموں میں فرق سے نہ صرف ہم سوات، مینگورہ اور پشاور کی سیٹیں جیتیں گے مگر میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم سوات ، مینگورہ اور پشاور کی سیٹیں جیتیں کے نہیں ہم تینوں شہروں کی سیٹیں جیت چکے ہیں، چند دن پہلے مسلم لیگ (ن) جیت جیت کر نمبر ون پوزیشن میں آئی ہے جن میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر کوئی اور تھا مگر موجودہ کے پی کے حکومت کی پارٹی چوتھے نمبر آئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان کسے کہتے ہیں سن لو، یہاں سوات اور مینگورہ، شانگلہ میں خواتین کیلئے یونیورسٹی سب کیمپس کے قیام کا اعلان کرتا ہوں تا کہ خواتین اپنی یونیورسٹی میں پڑھیں، آپ لوگ اچھے مسلمان اور پاک باز لوگ ہو، آپ لوگوں کی خدمت کرنے کو بھی میں عبادت سمجھتا ہوں، یہاں نوجوانوں کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ اسٹیٹیوٹ قائم کیا جائے گا جبکہ تحصیل قبل اور مٹہ میں 30 کروڑ کی لاگت سے کے وی اے 132 کے گرڈ سٹیشن کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی قلت انشاء اللہ 2018 میں ختم ہو جائے گی، قوم سے وعدہ ہے کہ 2018 میں بجلی کی قلت کو ختم کر دیا جائے گا،2018 میں بجلی کے ساتھ ساتھ گیس بھی آ جائے گی، پاکستان تیزی کے ساتھ ترقی کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان کا زر مبادلہ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں ہاکی کے فروغ کیلئے آسٹروٹرف لگانے کا بھی اعلان کرتا ہوں، سیدو شریف کے ایئرپورٹ کو دوبارہ فعال کیا جائے گا، جہاں سے بہترین فلائیٹس چلائی جائیں گی جو صرف اندرون ملک ہی نہیں بلکہ دبئی، جدہ، مدینہ منورہ بھی جائیں گی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہاں کہ یہاں آنے سے قبل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ چکدرہ سے کالام تک 133 کلو میٹر سڑک کو موٹروے کی طرز پر ایکسپریس وے بنایا جائے، جس پر 4 رویہ سڑکیں ہوں2 آنے کی اور 2 جانے کی، اس کے علاوہ بشام سے خوالا خیلہ پر بھی بہترین سڑک بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بشام سے اس خطے کو ملائے گا، جس کے فائدے اسی خطے کو پہنچیں گے، سوات اگر ترقی کرتا ہے تو نواز شریف خوش ہوتا ہے، جس طرح آپ لوگ سیدو شریف اور سوات سے پیار کرتے ہیں، میں بھی آپ سے پیار کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ یہاں کے لوگ بھی ترقی کریں، سوات اور شانگلہ ضلع کونسل کیلئے 20,20 کروڑ کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہاں آؤں گا اور آپ لوگوں سے ملوں گا، اللہ تعالیٰ آپ سب کا حامی و ناصر ہو اور ہم سب کو ملک کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔