|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2016

خانیوال:  نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی بحالی کے لئے موثر اقدامات کرے ۔کیونکہ ملکی ترقی میں زراعت کا اہم اور مرکزی کردار ہے ،مگر بد قسمتی سے استحصالی طبقہ نے کسانوں کو تباہ حال اور فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے تلمبہ (برکت لاج)میں ایک عظیم الشان کسان کنونشن سے خطاب کرتہ ہوئے کیا انہوں نے اس امر پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھاد ،بیج اور سپرے وغیرہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔جبکہ چاول ،گندم ،گنا ،کپاس اور دیگر زرعی اجناس مارکیٹ اور منڈیوں میں رل رہی ہیں ۔کسانوں اور کاشت کاروں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کسان اپنے حقوق کیلئے آواز حق بلند کریں گے نیشنل پارٹی کی قیادت کو اپنے شانہ بشانہ کھڑا دیکھیں گے انہوں نے مزید کہا کہ آج کسان اور کاشت کار کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسورو رہا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل پارٹی تمام ضلعی ہیڈ کواٹر پر پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ بھی لگائے گی ۔کسان کنونشن میں پاکستان فارمر فورم کے مرکزی صدر نواب فرحت اللہ خان ،معروف کسان رہنما پیر عبداللہ قریشی اور محمد ایوب جوئیہ کے علاوہ سیکڑوں کاشت کاروں نے شرکت کی جب کہ نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ملک محمد ایوب ،جنرل سیکٹری طالب حسین اور ضلع خانیوال کے صدر عبدالغفار سکھیرا نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اپنے دیگر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پنڈال میں پہنچے تو ان کا انتہائی شاندار استقبال کیا گیا ۔