اسلام آباد: پاناما لیکس کمیشن کے ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے کام کرنے کا ابتدائی طریقہ کار طے کرلیا۔
پانامالیکس کی تحقیقات کے مجوزہ کمیشن کے ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہوا۔ نمائندہ ایکسپریس نے بتایا کہ اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ خصوصی طور پر شرکت کی تاہم وہ پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں۔
پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کی طرف سے اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، انوشہ رحمان، اکرم درانی اور میر حاصل بزنجو جب کہ اپوزیشن کی طرف سے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، صاحبزادہ طارق اللہ، طارق بشیر چیمہ، الیاس بلور اور بیرسٹر سیف نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے کام کرنے کا ابتدائی طریقہ کار طے کرلیا جب کہ اس دوران حکومت نے اپنے ٹی او آرز اور چیف جسٹس پاکستان کا خط اپوزیشن کے حوالے کیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے بھی اپنے ٹی او آرز حکومتی ارکان کے حوالے کردیئے ہیں جس کے بعد اجلاس کل صبح 11 بجے دوبارہ طلب کیا گیا ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے اب آمنے سامنے بیٹھ کر مذاکرات کریں گے جب کہ کمیٹی کی سربراہی کسی بھی فریق کو نہیں سونپی گئی ہے۔
ذرائع کےمطابق اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان غیر رسمی مشاورت بھی کی گئی جس میں مسئلے کا حل اتفاق رائے سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ ٹی او آرز مرتب کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 2 ہفتے تک جاری رہے گا۔