|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2016

بٹگرام: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس کے انکشافات کے فوراً بعد ہی نواز شریف نے ملک میں ایک ہزار منصوبوں کا اعلان کردیا ہے لیکن وہ بتائیں کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے پیسے کہاں سے لائیں گے جب کہ ڈرون حملہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت اقتدار میں رہنے کیلئے ہرسمجھوتے پر تیار ہے۔ بٹ گرام میں بجلی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی نواز شریف پر پاناما لیکس کے الزامات سامنے آئے انہوں نے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئےملک میں  ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا، لیکن وہ بتائیں کہ اب ان منصوبوں کی تکمیل کے لئے پیسے کہاں سے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے خیبرپختون خوا میں صحت، تعلیم سستی بجلی اور دیگر تمام سہولیات ہوں گی، کرپٹ حکمران ملک کو ٹھیک نہیں کرسکتے، لاہور میں صرف 27 کلومیٹر اورنج لائن ٹریک پر 200 ارب روپے مختص کردیئے گئے جب کہ ہم صرف 5 ارب روپے میں ساڑھے 3 لاکھ  افراد تک سستی بجلی پہنچائیں گے،ہمارا ایک سال میں 350 مائیکرو ہائیڈل پروجیکٹس لگانے کا منصوبہ ہے جب کہ 2018 تک ایک ہزارمائیکرو اسٹیشن کھولے جائیں گے۔ جس سے 10 لاکھ افراد کو سستی بجلی ملے گی۔ ان مائیکرواسٹیشنزسے دیہات کے لوگوں کو 2 سے 4 روپے فی یونٹ کے حساب سے بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی اوران پاوراسٹیشنزکو مقامی لوگ ہی چلائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تیل اورکوئلے سے بننے والی بجلی سب سے زیادہ مہنگی ہے چین نے کوئلے کے پاوراسٹیشنز بند کردیئے ہیں جب کہ پنجاب میں اب کوئلے کے پاوراسٹیشنز لگائے جارہے ہیں ، پانی سے پیدا ہونے والی بجلی سستی ہونے کے ساتھ ماحولیات کے حوالے سے بہترین ہے جن علاقوں میں بجلی نہیں ہے وہاں چشموں اور پہاڑوں سے بہنے والے پانی سے سستی بجلی دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ ڈورن حملے پر حکومتی رویہ ظاہر کرتا ہے کہ اقتدار میں رہنے کے لئے حکومت ہر سمجھوتے پر تیار ہے، حملہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون حملہ امریکا کرتا ہے اور طالبان بدلہ پاکستان سے لیتے ہیں جب کہ نوشکی میں ڈرون حملہ نواز شریف حکومت کی ناکامی ہے۔