راولپنڈی: کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔
راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایان علی کی عدم حاضری پر ان کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنی موکلہ کو ایک دن کے لیے استثنیٰ کی دینےکی درخواست کی، ایان علی کے وکلا کی جانب سے میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا، جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ایان علی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں تاہم انہوں نے میڈیکل ستڑی فیکیٹ واٹس ایپ کیا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزمہ کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں بریت کی درخواست زیر سماعت ہے۔ جس کی وجہ سے کیس کا تمام ریکارڈ عدالت عالیہ میں ہے ، اس لئے مقدمے کی سماعت نہیں ہوسکتی، اب آئندہ سماعت لاہور ہائی کورٹ سے کیس کا ریکارڈ واپس آنے پر ہی ہوگی۔
واضح رہےکہ گزشتہ برس ایان علی راولپنڈی ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی دبئی لے جاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی تھیں۔