کوئٹہ: حکومت بلوچستان اور چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی لمیٹیڈ کے مابین کوئٹہ ماس ٹرانزٹ ٹرین سسٹم کی فیزیبلٹی رپورٹ کی تیاری کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے لیے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، صوبائی وزراء شیخ جعفر خان مندوخیل، عبدالرحیم زیارتوال، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی، سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی، وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی اور ڈی ایس ریلوے حنیف گل بھی اس موقع پر موجود تھے، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے حکومت بلوچستان جبکہ مسٹر ڈونان (Mr. Du Nan) نے چینی کمپنی کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔ چینی کمپنی معاہدے کے تحت تین ماہ کے اندر منصوبے کی فیزبیلٹی رپورٹ تیار کر کے حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی، فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے ، قبل ازیں چینی ریلوے کمپنی کے انجینئرز اور ماہرین نے خصوصی ٹرین میں سپیزنڈ سے کچلاک تک کا سفر کے ماس ٹرانزٹ ٹرین کے روٹ کا جائزہ لیا اور اس منصوبے کو تیکنیکی اور مالی لحاظ سے قابل عمل قرار دیا۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی حکام سے کوئٹہ ماس ٹرانزٹ ٹرین منصوبے پر بات چیت کرتے ہوئے اسے اقتصادی راہداری کا حصہ بنانے کی درخواست کی تھی جسے چین کی حکومت نے قبول کرتے ہوئے چینی وفد کو کوئٹہ کے دورے پر بھجوایا ہے جو کہ صوبائی حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے۔