|

وقتِ اشاعت :   May 28 – 2016

کراچی: بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے  جس کی یاد میں آج یوم تکبیر منایا جا رہا ہے۔ 18 سال قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا جس کے ساتھ ہی ملکی دفاع نا قابل تسخیر ہوگیا، اس دن کی یاد میں ہرسال ملک بھرمیں یوم تکبیر انتہائی جو ش و خروش سے منایا جاتا ہے اس باربھی اسلام آباد میں چاغی ماڈل بنایا گیا جب کہ ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جانب سے ریلی بھی نکالی گئی۔ ملتان میں لیگی کارکنان نے یوم تکبیر کی خوشی میں کیک کاٹا جب کہ کیک کاٹنے کے دوران کارکنان آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے کیک کا حشرنشر کردیا جب کہ (ن) لیگ کے مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خوشی کا موقع ہے اس لئے اس کا اظہار ایک دوسرے کے چہروں پر کیک مل کر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت 1974 میں ہی ایٹمی تجربہ کر کے خطے میں ایٹمی اسلحہ کی دوڑ شروع کرچکا تھا جس نے مئی 1998 میں ایک مرتبہ پھر ایٹمی دھماکے کئے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جاسکے جس کے جواب میں پاکستان نے بھی 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔