|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2016

اسلام آباد:  اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان اور کیمپس فرانس کی جانب سے بدھ کے روز پیرس میں یومِ پاکستان کا انعقاد ہوا جسکا مقصد فرانس کے اعلٰی تعلیمی اداروں کو پاکستانی جامعات کے قریب کرنا تھا تاکہ پاکستان میں باہنرافرادی قوت پیدا کرنے اور تحقیقی کلچر کو مضبوط کرنے کے عمل میں باہمی تعاون کو بڑھایا جائے۔ اِ س موقع پر ایچ ای سی کے چئیرمین ڈاکٹر مختار احمد مہمانِ خصوصی تھے جبکہ فرانس کی تِیس (30)جامعات کے نمائندگان کے علاوہ فرانس میں پاکستان کے سفیر جناب غالب اقبال اور پاکستان میں فرانس کی سفیر مِس مارٹِن ڈورینس بھی موجود تھیں۔ شرکاء نے اعلٰی تعلیم کے شعبے میں دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر گفتگو کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں پر غور کیااور اُن شعبوں کی نشاندہی کی جن میں دونوں ممالک کی جامعات ایک دوسرے سے استفادہ حاصل کر سکتی ہیں۔ ڈاکٹر مختار احمد نے اعلٰی تعلیمی میدان میں فرانس کی حکومت اور اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرانس پاکستانی طلباء اور اسکالرز کو متعدد مواقع فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک اعلٰی تعلیم کے شعبے میں بہت اعلٰی کام کر رہے ہیں تاہم اس تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملکوں کے اداروں کے مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایچ ای سی اس مقصد کی تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ چئیرمین نے پاکستان میں فرانسیسی یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ایچ ای سی فرانس کے ساتھ صنعتی تحقیق سے متعلق منصوبوں کے آغاز کا متمنی ہے تاکہ پاکستان بھی اپنے صنعتی مسائل سے بآسانی نمٹ سکے۔ اِ س موقع پر کئی پاکستانی جامعات کے نمائندوں نے مختلف موضوعات پر بات کی اور فرانسیسی اعلٰی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کی ممکنہ راہوں کا تعین کیا۔ ایچ ای سی کے شعبہ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کے مشیر جناب وسیم ہاشمی نے بھی ایچ ای سی کے مختلف اقدامات بشمول فیکلٹی ڈیویلپمنٹ ، وظائف کی فراہمی، اور تحقیقی کلچر کے فروغ پر روشنی ڈالی۔فرانسیسی اعلٰی تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے ایچ ای سی کے اقدامات کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔