|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے غیر قانونی میڈیکل اسٹور، جعلی ، غیر معیاری اور زائد المعیاد ادویات کے30مقدمات عدالتوں میں چلانے کی منظوری دیدی ۔جعلی اور غیر قانونی ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث اور لائسنس کے بغیر چلنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بلوچستان ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا 14واں اجلاس چیئرمین بورڈ اور ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبداللہ خان کی زیر صدارت ہوا ۔ اجلاس میں جعلی ، غیر معیاری اور زائد المعیاد ادویات اور لائسنس کے بغیر چلائے جانے والے میڈیکل اسٹورز کے کیسز پر غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں45کیسز نمٹائے گئے ۔ان میں سے لائسنس کے بغیر چلنے والے میڈیکل اسٹوروں کے 20جبکہ غیر معیاری اور جعلی ادویات کے10مقدمات متعلقہ عدالتوں کو بجھوانے کی منظوری دی گئی ۔ دریں اثناء بلوچستان کے ڈرگ انسپکٹرز کے کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایڈیشنل سیکریٹری صحت اور چیئرمین بلوچستان ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ عبداللہ خان کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں چیف ڈرگ انسپکٹر محمد سلطان ، کوئٹہ کے علاوہ مختلف اضلاع کے ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر کے ڈرگ انسپکٹرز کی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جعلی اور غیر قانونی ادویات کی خرید و فروخت اور لائسنس کے بغیر چلنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔اس سلسلے میں ڈرگ ایکٹ1976پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں میڈیکل اسٹورز مالکان سے کہا گیا کہ وہ صرف اور صرف وہ ادویات رکھیں جو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے تحت رجسٹرڈ ہو اور الیوپیتھک ادویات ہوں۔ ایلوپیتھک میڈیکل اسٹور میں ہربل اور ہیومیو پیتھک ادویات کی خریدو فروخت کی اجازت نہیں ہوگی ۔ ہیومیپیتھک اور ایلوپیتھک ادویات کیلئے الاگ الگ اسٹور میں الگ الگ لائسنس کے تحت فروخت کی جائیں گی۔ میڈیکل اسٹورز میں غیر قانونی کلینکل پریکٹس کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ میڈیکل اسٹورز میں موجود تمام ادویات کی قانونی وارنٹی موجود ہونی چاہیے۔ اگر لائسنس ہولڈر میڈیکل اسٹور غیر قانونی کام کرتے ہوئے پایا گیا تو ڈرگ لائسنس منسوخ اور فارماسسٹس اور لائسنس ہولڈر کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں ہدایات جاری کی گئیں کہ تمام ڈرگ انسپکٹرز میڈیکل اسٹورز کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور کسی بھی غیر قانونی ادویات کی خرید و فروخت اور بغیر لائسنس کے میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی کریں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ غیر قانونی ،غیر معیاری اور زائد المعیاد ادویات کی خرید و فروخت اور غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز کے خلاف مکمل کیسز کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھیجے جائیں تاکہ کیسز کو قانون اور ضابطے کے مطابق نمٹایا جاسکے۔ اجلاس میں تمام ڈرگ انسپکٹرزز کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ دس دن کے اندر اپنی کارکردگی رپورٹ چیف ڈرگ انسپکٹرز کے توسط سے محکمہ صحت کو ارسال کریں۔ دوسری جانب میڈیکل اسٹورز ایسوسی ایشن نے بلوچستان ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ اور بلوچستان ڈرگ انسپکٹرز کوآرڈینیشن کمیٹی کو قواعد و ضوابط پر تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔