انقرہ: ترکی میں پولیس اسٹیشن کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں پولیس اسٹیشن کے قریب کار بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، دھماکے کے نتیجے میں پولیس اسٹیشن بری طرح متاثر ہوا جب کہ دھماکے کی نوعیت اتنی شدید تھی کہ قریب عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ خبر ایجنسی کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
وزیراعظم طیب اردوان کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 2 شہری ہلاک جب کہ 30 زخمی ہوئے ہیں، ترک وزیراعظم نے کرد باغیوں کو کارروائی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہم ان دہشت گردوں سے مکمل عزم کے ساتھ لڑیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سے ترکی میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ گزشتہ روز استنبول کے وسطی علاقے میں پولیس کی بس کے قریب دھماکے میں 11 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوگئے تھے۔
ترکی میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکا، 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی
وقتِ اشاعت : June 8 – 2016