|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2016

بیجنگ:  چین کی ایک کمپنی نے سرکاری طور پر بلوچستان میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے لئے انجینئرنگ پروکیؤرمنٹ تعمیراتی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں ۔ ماہرین کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں بہترین مواقع پیدا ہوں گے ۔ منصوبے پر چین کی پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ لمیٹڈ اور پاکستان کی حب پاور مشترکہ طور پر سرمایہ کاری کریں گی جبکہ مجموعی طور پر چائنہ ہاربر انجینئرنگ کمپنی تعمیراتی کام مکمل کرے گی ۔ چائنہ ہاربر کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق متوقع پر تعمیراتی کام ستمبر2018تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے سالانہ طور پر 4.4ملین ٹن کوئلے کو اپ لوڈ کیا جا سکے گا۔ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے مابین حب کے مقام پر 2×660ایم وی کوئلے سے چلائے جانے والے پلانٹ کا حصہ ہے ۔چائنہ پاور کے ڈپٹی جنرل منیجر ہوانگ ینتاؤ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین چینی صدر ژی جن پنگ کے اپریل 2015میں دورہ پاکستان کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر صدر ژی کے دورہ پاکستان کے دوران یہ منصوبہ ترجیحات میں شامل تھا اس لئے اس پر جان فشانی کے ساتھ کام کرتے ہوئے پاکستانی حکومت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ۔ چائنہ ہاربر کے صدر تانگ چیاؤ لیانگ نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ اور پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت اس منصوبے کو دونوں حکومتوں کی جانب سے خصوصی تعاون حاصل ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت نے سیکیورٹی سمیت زمین حاصل کرنے کے عمل میں ہماری بے انتہا مدد کی ہے ہم مسلسل منصوبہ سے متعلق رپورٹس قومی توانائی انتظامیہ کے مرکز کو جمع کراتے ہیں تا کہ چینی حکومت ہماری پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے رابطہ سازی کے لئے مزیر تجاویز فراہم کر سکے ۔ حالیہ سالوں میں چین سے بھاری سرمایہ کاری پاکستان کے مختلف شعبوں جیسا کہ مواصلات ،تعمیرات ،توانائی اورٹرانسپوٹیشن میں کی گئی ہے ۔ چین سے پاکستان میں ہونے والی سرمایہ کاری سے دونوں اطراف کو اپنے معاشی تعلقات مضبوط کرتے ہوئے عوام کو مستفید کرنے میں مدد ملے گی ۔