|

وقتِ اشاعت :   June 10 – 2016

اسلام آباد : بلوچستان ڈرون حملے کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان کشید گی عروج پرپہنچ گئی ٗ اوباما انتظامیہ نے پاکستان سے کشیدگی کم کرنے کیلئے دو اعلیٰ عہدیدار پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کے مشیر پیٹرلیوئے اور پاکستان وافغانستان کیلئے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن (آج) جمعہ کو پاکستان پہنچیں گے۔ اسلام آباد میں سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی ٗپاک امریکا تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت ہوگی۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی پر اوباما انتظامیہ میں تشویش بڑھنے لگی ۔اعلیٰ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وفد اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کریں گے ۔ذرائع کے مطابق امریکی اعلیٰ حکام کے دورے میں پاک امریکا تعلقات ، علاقائی امور پر بات چیت کی جائے گی ٗاہم ملاقات میں افغانستان میں قیام امن اور خطے میں استحکام سے متعلق اقدامات پر بھی بات چیت ہوگی ۔نجی ٹی وی کے مطابق امریکی وفد کی وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفد کے دورے کے دوران امریکی ڈرون حملے کے علاوہ نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کی پاکستان کی درخواست پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔