کابل: افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں امام سمیت 4نمازی شہید اور 40زخمی ہوگئے ۔افغان میڈیا کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی نے بتایا ہے کہ دھماکہ صوبائی دارلحکومت جلا ل آباد کے قریب واقع ضلع رودات کی مسجد میں نمازجمعہ کے وقت ہوا۔رمضان المبارک کی وجہ سے مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔کھوگیانی کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض افراد کی حالت تشویش ناک ہونے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔سیکورٹی حکام کاکہنا ہے کہ دھماکہ خیزمواد مواد مسجد کے محراب میں نصب کیا گیا تھا ۔فوری طور پر کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔صوبہ ننگر ہار میں عسکریت پسندی اور مجرمانہ سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں اسی صوبے میں طالبان اور اسلامک اسٹیٹ کے درمیان گھمسان کی جنگ بھی ہو چکی ہے۔