|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2016

اسلام آباد : وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ اگر حکومت اور متحدہ اپوزیشن کے درمیان ٹی او آرز بنانے پر اتفاق نہیں ہوا تو پھر حکومت کو یکطرفہ ٹی او آرز بنانے چاہئیں۔ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ قانون اور پانامہ لیکس کو علیحدہ نہ کریں۔ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام نہیں ہے تو قانونی طور پر وزیراعظم کو مورد الزام ٹھہرایا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز میں وزیراعظم کا نام براہ راست شامل نہیں کیا جائے۔ تاہم اپوزیشن بضد ہے کہ وزیراعظم کا نام شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ٹی او آرز تیار کرنے پر راضی نہیں ہے تو پھر حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق ٹی او آرز کے تناظر میں مضبوط قانون بنایا جائے اور چیف جسٹس آف پاکستان کی نگرانی میں اس قانون کے مطابق پانامہ لیکس سمیت سب کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈری ہوئی نہیں ہے اور نہ باغی ہے لیکن پانامہ لیکس میں وزیراعظم کا نام کیوں ڈالے جب اس میں وزیراعظم کانام ہی نہیں ہے۔