کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر بالخصوص دورافتادہ علاقوں میں عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی موجوہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ان سہولتوں کے عوص ٹیکس وصولی کے نظام کو زیاہ سے زیادہ مستحکم بنایا جائے تاکہ سرکار کی طرف سے فراہم کئے گئے منصوبوں او رسہولتوں کی پائیداری یقینی بن جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ڈسٹرکٹ چیئرمین ضلع شیرانی سلطان محمد شیرانی اور ژوب کے بلدیہ چیئرمین محمد سلیم مندوخیل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ آج کے اس جدید دور میں بھی بلوچستان کے کئی اضلاع میں خواتین گھریلو استعمال کے لئے پینے کا پانی سروں پر لانے پر مجبور ہیں تاہم صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور خصوصاً صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صحت وصفائی کے نظام کو بہتر بنائیں اور خلق خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو ضلع ژوب اور شیرانی کے عوامی مسائل ومشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صحت وصفائی کی ناقص صورتحال کے باعث عوام کو کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ گورنر نے وفد کو ان کے مسائل ومشکلات کے حل کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضلع ژوب وشیرانی کو کئی اسکیمات فراہم کی ہیں جبکہ ژوب لائبریری کی بحالی کے لئے رقم بھی فراہم کی ہے اور آئندہ بھی ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔ بعدازاں گورنر نے ضلع شیرانی کے ڈسٹرکٹ چیئرمین کو انٹر کالج ضلع شیرانی کے لئے ایک بس کی چابیاں حوالے کیں۔