|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2016

کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت پر پٹ فیڈر کینال سے کوئٹہ شہر کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کا پی سی ون اور فزیبلیٹی رپورٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں منصوبے کے لئے رقم مختص کی جائے گی جبکہ منگی ڈیم کی تعمیر منصوبے پر بھی جلد آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ شہر کو پانی کی کمی سے درپیش مسئلہ کے دیرپااور مستقل بنیادوں پر اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات داؤد محمد بڑیچ، سیکریٹری پی ایچ ای شیخ نواز، سیکریٹری آبپاشی شیرزمان کاکڑ، سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی، ایف ڈبلیو او کے بریگیڈیئر رحیم الدین اور دیگر حکام موجود تھے۔ متعلقہ محکموں کے حکام نے اجلاس کو پانی کی فراہمی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ پانی کی فراہمی کے ذمہ دار ادارے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے ماہ رمضان میں عوام کو ضرورت کے مطابق فراہمی آب کو یقینی بنائیں۔ کسی بھی علاقے میں ٹینکر مافیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ہرصورت پورا کیا جائے گا۔اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔