|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2016

اسلام آباد : پاکستان اور افغانستان کے حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد پانچ دن سے بند طورخم سرحد کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔طورخم میں مامور پولیٹکل انتظامیہ خیبرایجنسی کے تحصیل دار غنچہ گل نے تصدیق کی کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پاکستان اور افغانستان کے سرحدی اہلکاروں کے مابین ہونے والیمذاکرات کامیاب رہے جس کے بعد سرحد کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ٗانھوں نے کہا کہ ہفتہ کی صبح آٹھ بجے سے سرحد آمد ورفت کیلئے کھول دی جائے گی۔پولیٹکل انتظامیہ خیبرایجنسی کے اہلکار کے مطابق دونوں پڑوسی ممالک کے حکام کے مابین مذاکرات بڑے اچھے اور دوستانہ ماحول میں ہوئے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات اس جگہ ہوئے جہاں دونوں ممالک کے سرحدی گیٹ لگے ہوئے ہیں۔یک سوال کے جواب میں پولیٹکل تحصیلدار نے کہا کہ پاکستان کے علاقے میں واقع سرحدی گیٹ کی تعمیر کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ مذاکرات میں گیٹ کے سلسلے میں کوئی بات نہیں ہوئی ہے ٗان کے مطابق سرحدی گیٹ کی تعمیر کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔غنچہ گل کے مطابق گذشتہ دو دنوں سے افغان حکام کی جانب سے مسلسل پاکستان سے درخواست کی جا رہی تھی کہ لوگوں کی مشکلات کی خاطر سرحد کھول دیا جائے تاہم انھیں بتایا دیا گیا تھا کہ جب تک اعلیٰ حکام کی جانب سے اجازت نہیں دی ملتی سرحد نہیں کھولی جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات میں میجر توقیر، کیپٹن وہاب ٗ افغانستان کی جانب سے کرنل نثار نے شرکت کی۔ادھربارڈر کھلنے کی اطلاع ملتے ہی دونوں جانب سے مسافروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر زیر تعمیر گیٹ کو افغان فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر علی جواد کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بارڈر کراس آنے والوں کی سفری دستاویزات کو مکمل طور پر چیک کیا جائے گا اور صرف ان ہی افراد کو طورخم کے راستے پاکستان میں داخلے کی اجازت دی جائے گی، جن کی سفری دستاویزات مکمل ہوں گی۔ادھر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بھی طورخم بارڈر پر آمدورفت بحال ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آج صبح پاک افغان حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صرف قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت ہوگی۔یاد رہے کہ رواں ماہ 12 جون کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی بارڈر طورخم پر گیٹ کی تعمیر کی وجہ سے شدید جھڑپ ہوئی تھی۔