بغداد : عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے سیکورٹی فورسز کی 4ہفتے لڑائی کے بعد فلوجہ میں داعش کے خلاف فتح کا اعلان کردیا۔عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے سرکاری ٹی وی پر خطاب میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے شہر کے مرکزی حصے پر اپنا قبضہ مضبوط کر لیا ہے اور اگلے چند گھنٹوں کے دوران دیگر چند علاقوں سے بھی داعش کا قبضہ چھڑا لیا جائے گا۔عراقی فوج نے تیئس مئی کو فلوجہ میں داعش کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ روز فلوجہ کی اہم سرکاری عمارتوں سے داعش کا قبضہ چھڑا عراقی پرچم لہرا دیا تھا۔اتحادی فوج کا کہنا ہے کہ عراقی فوج کو فلوجہ شہر پر مکمل کنٹرول حاصل نہیں اور انہیں مزید جنگ لڑنی ہے۔عالمی امدادی تنظیموں کے مطابق فلوجہ آپریشن کے باعث 53ہزار افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔دہشت گرد تنظیم ’داعش ‘ کی عراق اور شام میں خونریز کارروائیاں جاری ہیں۔تازہ ترین کارروائی میں عسکریت پسندوں نے شمالی عراق کے دیہات میں حملے کرکے سکیورٹی فورسز کے 15 اہلکار وں کو ہلاک کر دیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے مطابق یہ حملے نسلی اعتبار سے ملی جلی آبادی کے حامل شہر طوزخرماتو سے مشرق کی جانب واقع دیہات میں جمعرات کو شروع ہوئے تھے۔ مرنیوالوں میں پولیس کیساتھ ساتھ ایک نیم فوجی ترکمان تنظیم اورکرد پیش مرگہ کے ارکان بھی شامل ہیں۔داعش نے ایک آن لائن بیان میں حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔